News Details

خیبرپختونخوا میں ہر بچے کیلئے تعلیم: سکول سے باہر بچوں کیلئے جامع مہم

Published Date: 2026-04-23

خیبرپختونخوا میں ہر بچے کیلئے تعلیم: سکول سے باہر بچوں کیلئے جامع مہم

صوبے کے ہر بچے کو سکول میں داخلہ اور بنیادی تعلیم کی تکمیل کا موقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے.حکومت خیبرپختونخوا نے صوبے بھر میں سکول سے باہر بچوں کی سکولوں تک رسائی یقینی بنانے کیلئے ایک جامع مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مہم کے تحت مختلف محکمے مل کر منصوبہ بندی، درست اعدادوشمار کے حصول اور مستحق خاندانوں کی معاونت کے ذریعے بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کیلئے اقدامات کریں گے۔یہ منصوبہ صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت تیار کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں سروے کے ذریعے ویلج کونسل کی سطح تک ایسے بچوں کا درست ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا جو سکول نہیں جا رہے۔ سروے میں پانچ سے سولہ سال تک کے سکول سے باہر بچوں کی نشاندہی کی جائے گی جبکہ پانچ سال تک کے بچوں کی آئندہ تعلیمی ضروریات کا بھی اندازہ لگایا جائے گا۔سکولوں میں زیرتعلیم بچوں کا ڈیٹا سرکاری، نجی، وفاقی تعلیمی اداروں، مدارس، نان فارمل ایجوکیشن سنٹرز اور خصوصی تعلیمی منصوبوں سے حاصل کیا جائے گا۔اس جامع ڈیٹا کی بنیاد پر ہر علاقے کی ضرورت کے مطابق منصوبہ بندی، بجٹ اور وسائل کی تقسیم بہتر بنائی جا سکے گی۔

Back to News